کوئٹہ 28 اپریل (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر خالد خان مگسی نے کہا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اندرون بلوچستان اور سندھ کی ٹریفک کے غیر معمولی دباؤ کے باعث شہری حدود میں عوام، مسافر اور باربردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اس منصوبے کی تکمیل سے یہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوجائیں گے۔ اے پی پی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے نوابزادہ میر خالد خان مگسی نے کہا ہے کہ کوئٹہ، سکھر سنٹرل پنجاب اور سنٹرل سندھ کو ملانے والی قومی شاہراہ کے مسافروں کو ڈیرہ مراد جمالی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اس بائی پاس کی تعمیر سے مقامی افراد اور قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کی مشکلات ختم ہونگی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔











