پاکستان  میں موجودہ حکومت  مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے؛سفیر  ڈاکٹر اسد مجید خان

43

واشنگٹن،02مئی(اے پی پی): امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان  میں موجودہ حکومت  مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، اس سلسلے میں  وزارت مذہبی آہنگی کئی سال پہلے قائم کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےرمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے موقع پر یہاں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام  بین المذاہب ورچوئل سیمنار سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے، کرتار راہداری کا کھولنا بھی اس سلسلے کی کڑی ہے،اس کے علاوہ ہم نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے اپنی ویزا ریجیم کو بھی سہل بنایا ہے۔

 سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ کورونا  کی عالمی وباء سے دنیا بھر میں لاکھوں اموات ہوئی ہیں، موجودہ صورتحال  میں ایک دوسرے کی مدد  اور آپس میں انحصار کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں  کمزور اور مستحق افراد کے تحفظ کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ بھی ہمیں اپنے ضرورت مند بھائیوں کی مدد میں  بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بانی پاکستان نے مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی والے ملک کا تصور کیا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں  رواداری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔