رحیم یار خان،09مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر اور رمضان بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر میں ویکسین لگوانے کے لئے آنے والوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی کورونا وائرس کی صورتحال اطمینان بخش نہیں،ضلع میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں بتدریج اضافہ رپورٹ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز 42نئے کیسز کے ساتھ ضلع میں کورونا کے مثبت فعال کیسز کی مجموعی تعداد728ہو گئی ہے جبکہ کورونا وباء کے دوران ضلع میں 4ہزار 725مثبت کیس رپورٹ ہوئے اور 3ہزار812شہری صحت یاب جبکہ 179اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز اور بزرگ شہریوں کی ویکسی نیشن لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، 5ہزار409ہیلتھ ورکرز اور27ہزار308بزرگ شہریوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے جبکہ 2ہزار734ہیلتھ ورکر اور5ہزار336بزرگ شہریوں کو دوسری خوراک بھی دی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پر عملہ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے، ضلع میں کورونا ویکسین لگانے کی رفتار1500افراد سے بڑھا کر5ہزار یومیہ کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید تعطیلات میں شہری احتیاط کا دامن کسی صورت نہ چھوڑیں، گذشتہ سال بھی عید الفطر کے فوری بعد کورونا کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ رپورٹ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں رمضان بازاروں نے عوام کو خاطر خواں ریلیف فراہم کیا، رمضان بازاروں کے اختتام کے بعد ضلع بھر میں فیئرپرائس شاپس پر عوام کو سستی اشیاء، چینی، آٹا و دیگر دستیاب ہو گا،28رمضان المبارک تک ضلع کے شہری و دیہی علاقوں میں فیئر پرائس شاپس کام شروع کر دیں گی۔
ڈپٹی کمشنرڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عید الفطر کی چھٹیوں میں بھی فیئر پرائس شاپس سمیت عام مارکیٹ میں نرخوں کی نگرانی کریں گے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان بھی ہمراہ موجود تھے۔