فیصل آباد؛وزیرمملکت  فرخ حبیب کا  چائلڈپروٹیکشن  بیورو کا دورہ،  بچوں میں عید کے تحائف اورمٹھائی تقسیم کی

33

فیصل آباد،  13  مئی  (اے پی پی): وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے جمعرات کی دوپہر عیدالفطر کے موقع پر چائلڈپروٹیکشن اینڈویلفیئر بیورو کا دورہ کیا اور وہاں مقیم 60 سے زائدبے گھر، بے سہارا، یتیم و مسکین بچوں میں عید کے تحائف اورمٹھائی تقسیم کرنے سمیت انہیں عید کی مبارکباد بھی دی۔وزیر مملکت بچوں میں گھل مل گئے اور ان میں عید گفٹس سمیت پھل اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے علاوہ ان کا حال احوال بھی دریافت کیا۔

 اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اس بات پرخصوصی طور پر توجہ ہے کہ معاشرے کے نظر انداز شدہ افراد کو عزت و احترام کے ساتھ معاشرتی ترقی کے دھارے میں لایا جائے جس کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر خیبر پختونخواہ میں

سٹریٹ چلڈرنز پر کام ہورہا ہے اسی طرح پنجاب میں پہلے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروزصرف ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر قائم تھے لیکن اب ان کا دائرہ ہر ضلع کی سطح تک وسیع کیا جارہا ہے۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ ریاست مدینہ کے خواب کی تعبیر کو عملی شکل دینے کیلئے پاکستان کی ریاست بے سہاروں کا سہارا بنے گی۔ انہوں نے 21 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو فیصل آباد کی نئی عمارت کے مختلف حصے دیکھے اور بچوں سے وہاں دستیاب سہولیات بارے دریافت کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں موجود بچوں کو سینے سے لگائیں گے بلکہ ان کی تعلیم و تربیت پر بھی بھرپور توجہ دی جا ئے گی تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فردوس رائے،ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈویلفیئر بیوروفیصل آباد اعجاز اسلم ڈوگر، منیجر فرحت جبیں و دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔