ملک کے تمام شہروں میں سٹریٹ چلڈرنز کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروز قائم کئے جائیں گے؛وزیر مملکت  فرخ حبیب

27

فیصل آباد،  13  مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت بے سہارا،گمشدہ اور نظر انداز یتیم بچوں کا سہا را بنے گی جس کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اورڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے بعد اب تمام شہروں میں سٹریٹ چلڈرنز کیلئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروز قائم کئے جائیں گے۔

عیدالفطر کی دوپہر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروملت روڈ فیصل آباد کے دورہ کے دوران وہاں مقیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پہلے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروفیصل آباد کرایہ کی عمارت میں قائم تھا مگر اب اس کی 21 کروڑ روپے کی لاگت سے اپنی بلڈنگ بن گئی ہے جس میں ہوسٹل،میس، سکول اور بچیوں کیلئے الگ قیام و طعام کی سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا  احساس پروگرام کے تحت پہلی بار45 ہزار سے کم آمدن والے گھرانوں کے انڈر گریجوایٹ بچوں کواعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 50

ہزار سکالر شپ دئیے جارہے ہیں اوراحساس کفالت پروگرام کے نئے سروے میں مستحقین کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 ملین کی جارہی ہے، اسی طرح کامیاب جوان پروگرام کے تحت آئیڈیاز رکھنے والے نوجوانوں کوقرضوں کی فراہمی کیلئے شرائط کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے اور حکومتی اقدامات سے کنسٹرکشن انڈسٹری فعال،سیمنٹ کی سیل میں 40 فیصد،لارج سکیل مینو فیکچرنگ اور ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ  حکومت قومی سطح کے ایشوز،قانون سازی اور اصلاحات پر بات کرنے کو تیار ہے لیکن عوام کا پیسہ لوٹ کر شہباز شریف ملک سے فرار نہیں ہوسکتے اوراب شہباز شریف لندن بھول جائیں کیونکہ میں نواز شریف کو بھی جیل میں آتا دیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوٹ مار سے بلاول اور زرداری کی غربت مٹ گئی جبکہ عوام کی غربت بڑھ گئی لہٰذاعمران خان پر تنقید کرنیوالے جان لیں کہ وہ سعودیہ کی جیلوں میں قید 11 سو پاکستانیوں کی رہائی، ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری،روزگار کے نادر مواقع کی خوشخبری لائے ہیں، اس کے علاوہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور وہ عوامی ریلیف سے بھرپور بجٹ پیش بھی کرے گا اوریہ بجٹ پاس بھی ہوگا۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب فضل الرحمن کا ایزی لوڈ بنداورانہیں باورچی و کنٹینر دینے والے بھاگ گئے ہیں لہٰذا وہ آج میٹھی عید کے موقع پر سویاں اور حلوہ کھائیں اور اپنا غم غلط کریں۔

انہوں نے فیصل آباد سمیت تمام شہروں میں صحافی کالونیوں کے قیام اور پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی سکیموں میں ان کا کوٹہ مخصوص کروانے کا بھی یقین دلایا۔