سکھر: فلسطینی مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

56

سکھر،14مئی(اے پی پی ): پاکستان سنی تحریک کی جانب سے فلسطینی مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اوراسرائیل کے ظلم کیخلاف پریس کلب  کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

مظاہرے سے پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر مولانا نور احمد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، کشمیر ، روہنگیا، برمااوربھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا، بیت المقدس کی سرزمین صلاح الدین ایوبی کی منتظر ہے اور عالم اسلام کے سربراہوں کوپکارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  فلسطینی شہداءکا لہو ضرور رنگ لائے گااور اسلام کا پرچم سربلند ہوکر رہیگا ۔

مولانا نور احمد قاسمی نے کہا کہ روزہ صبر ،استقامت اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ اور صبر کرنے کادرس دیتاہے، اللہ انہیں بہترین اجر عطا فرماتا ہے ۔

 ایس ڈی اے کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن اور ڈویڑنل صدر محمد رضوان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین میں ہونے والے ظلم کا نوٹس لے مگر افسوس اقوام متحدہ کو مسلمانوں کا خون نظر نہیں آرہا ہے اگر یہودو نصاری کے خلاف کوئی ظلم ہوتا تو اقوام متحدہ چیخنا شروع کردیتا ہے، ہمارے اسلامی مملکت کے سربراہوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کے اوپر ہونے والے ظلم کا نوٹس لینا چاہیے۔

اس موقع پر  مولانا اسلم سلطانی،  ڈاکٹر محمد سعید اعوان، قاری محمد احمد قاسمی، غلام مصطفیٰ پھولپوٹو ،عبدالصمد قادری، ولی محمد قادری، شاہد ابرو اور کثیر تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔