تھرپارکر،16مئی(اے پی پی): عربی سمندر میں سمندری سائیکلون کے پیش نظر کیئے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزیر انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب محمد تیمور تالپور ایک دن کے دورے پر مٹھی پہنچ گئے ، سمندری سائیکلون کے پیشگی انتظامات کے حوالے سے دربار ہال مٹھی میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو نے انتظامیہ کی جانب سے کئےگیے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی خصوصی ہدایات پر انتظامات کا جائزہ لینے تھرپارکر آیا ہوں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور یہی عوامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے کبھی بھی مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ہے ،عوام کے ساتھ ساتھ شانہ بشانہ رہ کر عوام کی مدد کی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے سمندری سائیکلون کے پیش نظر پیشگی انتظامات کی نگرانی کرنے اور درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے نمائندگان مقرر کرنا جمہوریت کی بہترین مثال ہے، ضلع انتظامیہ تھرپارکر اور دیگر متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور پیشگی انتظامات کے حوالے سے بہتر انتظام کئے ہیں اور عوام کے ساتھ مل کر اس مشکل گھڑی سے جلد نکل آئیں گے۔
اجلاس میں ایم پی اے قاسم سراج سومرو، ایم پی فقیر شیر محمد بلالانی.، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی ویرجی کولہی. ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوھو نواز سوھو، ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر گوردھن داس، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود ملجی مل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکینڈری اسکولز غلام نبی ساھڑ، محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹر اشوک کمار کے علاوہ محکمہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، ایل بی او ڈی، پی پی ایچ آئی، ایکسئین پراونشل بلڈنگس، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اے پی پی /کریم/قرۃالعین