ملتان، 18 مئی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ پولیس افسران نے امن عامہ کی صورتحال قابو میں رکھنے اور خاص طور پر ماہ رمضان میں پیشہ ورانہ امور کی بہتر طور پر انجام دہی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،ٹیم ورک کے نتیجہ میں عوام کو بھر پور تحفظ فراہم کیا گیا،پولیس افسران کی حوصلہ افزائی سے وہ مزید دلجمعی سے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے اعلیٰ پولیس افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی حوصلہ افزائی سے وہ مزید دلجمعی سے فرائض سر انجام دیتے ہیں، ایسے پولیس افسران محکمہ کا مان ہیں، حکومت پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کی بھی خاص ہدایات ہیں کہ قابل اور محنتی پولیس افسران کی وقتاً فوقتاً حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کیونکہ انہی پولیس افسران کی بدولت پولیس کا مورال بلند ہے۔
سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والوں میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) عامر خان نیازی جنہوں نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پنجاب پولیس کے دستے کی قیادت کرتے ہوئے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا اس کے علاوہ ماہ مقدس میں سیکورٹی صورتحال مکمل کنٹرول کرنے اور لاء اینڈ آرڈر قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ایس پی سٹی احمد نواز شاہ اور ڈی ایس پی کینٹ جام سلیم کوبھی تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔
اس موقع پر پرائیویٹ سیکرٹری عبدالقادر، ریڈر آر پی او انسپکٹر محمد نعیم ودیگر افسران بھی موجود تھے۔