ملتان،18 مئی (اے پی پی):چیئرمین ترقیاتی ادارہ ملتان رانا عبدالجبار نے واسا ریکوری میں اضافہ کے لئے فوری طور پر پرائیویٹ ہاوسنگ سکیموں سمیت بڑے بڑے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار واسا ہیڈ آفس شمس آباد میں بریفینگ کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔اجلاس کو ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد نے رواں مہینے لاک ڈاؤن، عید تعطیلات کی وجہ سے شعبہ ریکوری کی کارکردگی متاثرہونے سے متعلق آگاہ کیا۔
چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا کہ واسا شہریوں کو لازمی بنیادی سروسز فراہم کرنے والا انتہائی اہم ادارہ ہے اس ادارے کی بقا سیوریج اور واٹر سپلائی کے ماہانہ بلوں کی وصولی پر ہے مگر کورونا ایمرجنسی کے پیش نظر لاک ڈاؤن اور ریکوری سٹاف کی عدم دلچسپی کے باعث واسا کو ہمیشہ مالیاتی بحران کا سامنا رہا ہے۔ انہوں نے سیوریج اور واٹر سپلائی کے غیر قانونی کنکشنزکا کھوج لگا کر ان کو بلنگ نیٹ ورک میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے واسا کے ہر ملازم کو دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے، پبلک سروسز ڈیلیوری کو بہتر بنانے خصوصاً شعبہ ریکوری کو ادارہ بچانے کے لئے خصوصی کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وائس چیئرمین ایم ڈی اے اشرف ناصر خان،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسامشتاق احمد خان، ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد سمیت دیگرافسران اجلاس میں شریک تھے۔