پشین،21مئی (اے پی پی): جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل ظلم و بربریت کے خلاف ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت جمعیت ضلعی امیر مولوی عزیز اللہ حنفی نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی شرکاء نے شہر میں مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے پولیس تھانہ پشین کے سامنے جلسہ عام میں تبدیل ہوئی۔
جلسہ عام سے رکن بلوچستان اسمبلی ،حاجی عزیز اللہ آغا ،حاجی عبدالواحد صدیقی ، اصغر خان ترین،ضلئعی امیر مولوی عزیز اللہ حنفی اوردیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل نے فلسطینی عوام پر ظلم اور بربریت کی انتہاء کردی ہے،مسجد اقصی اور بیت المقدس ہر مسلمان کے ایمان کاحصہ ہے، اسرائیلی دہشت گردی پر عالمی دنیا کی خاموشی اور چشم پوشی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام کی لازوال اور انتھک جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری امت مسلمہ کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام فلسطین میں ہونے والے مظالم پر کبھی بھی خاموش نہیں رہے گی۔