سکھر،21مئی (اے پی پی ): جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے فوارہ چوک سے پریس کلب سکھر تک جمعہ کو ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی سکھرڈویڑن زبیر حفیظ شیخ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، بانی پاکستان قائد اعظمؒ نے اس بات کا اعلان کیا تھاکہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا اور یہی اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کی واضح پالیسی ہے، اسرائیلی دہشتگردی حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس کو منہ توڑ جواب دینے کیساتھ ساتھ اس کی اور اسکے حواریوں کی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
دریں اثناءمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی ضلع سکھر سلطان لاشاری نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی جان اور مال کے ساتھ فلسطین کا ساتھ دیں گے، اسرائیلیوں کی بمباری سے 65 بچوں سمیت 235 افراد شہید ہوئے ہیں، 1800 عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں جس میں 33 میڈیا سینٹرز کیساتھ 29 سرکاری عمارتیں تھی اور اس سب کے نتیجے میں 90 ہزار لوگ بے گھر ہو ئے ہیں، یہ سب ہونے کے باوجود امت مسلمہ کے حکمران ابھی تک سوئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں۔