کوہلو،21مئی(اے پی پی):ملک بھر کی طرح کوہلو میں بھی فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اہلیان کوہلو کی جانب سے اسرائیل مردہ باد ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ریلیاں پاکستان تحریک انصاف، جمیعت علمائے اسلام اور اہلیان کوہلو کی جانب سے نکالی گئی ، ریلی شہید جسٹس محمد نواز مری چوک سے برآمد ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک پر مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ریلی کے شرکاء سے سیاسی سماجی مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ظلم بربریت کی تاریخ رقم کررہا ہے تو فلسطین کی حریت پسند عوام سرفروشی کی تمنا لیکر وطن پر جان نثار کرنے اور قربانی کی نت نئے داستانے تاریخ کے اوراک پر نقش کررہے ہیں، پاکستان سمیت امت مسلہ کے تمام ذی شعور انسان مظلوم فلسطینی بھائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی پر حملہ کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، تمام مسلم ممالک کو اسرائیلی سہونیت اور سفاکی کے خلاف اکھٹے ہو کر یہودی لابی کا مقابلہ اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے چاہیے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے خود تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اس نازک موقع پر آپس کے تمام اختلافات بھلا کر یک جان ہو کر کفار کا مقابلہ کریں۔
ریلی کے شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا پتلا نذر آتش کر دیا۔