کراچی،21 مئی(اے پی پی) :اسرائیل کے فلسطین اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مختلف کاروباری تنظیموں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اس سلسلے میں کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے صدرڈیفنس اور کلفٹن ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر زبیر بیگ نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں اسرائیل ایک ظالم ہے ،مسلم ممالک خاموشی کا روزہ توڑیں طاقت کے بل بوتے پر کمزور کو دبانے کی روایت ختم کرنی پڑے گی۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹ کے سرپرست اعلی سید امتیاز الحق بخاری نے کہا کہ فلسطین کو آزاد ملک اور اس کی مالکانہ حیثیت بحال کرنے تک دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، امریکا نے اسرائیل کی بے جا پشت پناہی کرتے ہوئے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کو 1947 سے پہلے والی حیثیت ملنے تک مسلم دنیا میں احتجاج جاری رہے گا ،وفاقی حکومت کی جانب سے جو موقف اختیار کیا گیا ہے ہم اس کی حمایت کرتے ہیں،فلسطین صرف عربوں کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے وہاں ہمارا قبلہ اول موجود ہے ،مسلم دنیا اپنے اتحاد کو قائم کرے۔
پریس کانفرنس میں ایپنیک کے سیکریٹری جنرل کے یو جے ورکرز کے صدر شکیل یامین کانگا، کراچی ایپنک کے چئیر مین دارا یوسف اور رانا محمد یوسف ،راشد صدیقی ، صابر شاہ ، محسن قریشی ، کامران ندیم ، راحیل ہارون ، سیف الدین، شکیل میمن ، عرفان شیخ ، محمد علی مخدوم ، عدنان اکبر بھی شامل تھے۔