ملتان، 22مئی(اے پی پی):شہر اولیاء کے انٹری پوائنٹس کی صفائی چوتھے روز بھی جاری،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے شجاع آباد روڈ اور خانیوال روڈ کی مثالی صفائی کی جارہی ہے۔ کمپنی کے ورکر،لوڈرز اور ٹریکٹر ٹرالیاں سمیت ملتان آنیوالی شاہروں کوچمکانے میں مصروف عمل ہیں، گرد و گرما کے نام سے مشہور ملتان کی شاہراہوں کے ڈیوائیڈر کے ساتھ جمع ہو جانیوالی مٹی کی صفائی ورکرز کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ شجاع آباد روڈ پر چوک ناگ شاہ سے احمد پارک کائیاں پور تک ڈیوائیڈر کے اطراف سے 20 ٹرالی مٹی اٹھائی گئی ہے، شاہراہ کے اطراف میں جمع ہونیوالی مٹی اٹھانے کا کام ابھی جاری ہے۔ خانیوال روڈ اور کھاد فیکٹری روڈ پر واقع گرین بیلٹ کی صفائی ستھرائی بھی جاری و ساری ہے۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے آج خانیوال روڈ اور شجاع آباد روڈ کے انٹری پوائنٹس کی صفائی نمٹانے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا کہ دوسرے مرحلے میں نیو جوڈیشیل کمپلیکس اور ہیڈ محمد والا روڈ کے انٹری پوائنٹس کی صفائی کی جائے گی۔











