اقوام عالم میں اسرائیلی مظالم اجاگر کرنے پر ترک اور پاکستانی وزرائے خارجہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ؛غلام سرور خان

30

راولپنڈی ،22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اجاگر کرنے پر ترک اور پاکستانی وزرائے خارجہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہاہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کو حقیقی معنوں میں اجاگر کیاگیا ۔

پی ٹی آئی سیکرٹریٹ راولپنڈی میں ایم پی اے عمار صدیق خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہاکہ پی ڈی ایم اپنی موت مرچکی ہے ، پاکستان تحریک انصاف میں کسی قسم کی گروپنگ یا فارورڈ بلاک نہیں ہے اور ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں ۔

غلام سرور خان نے کہاکہ پی ڈی ایم کے کچھ عناصر پارٹی میں اختلافات کی افواہیں پھیلا رہے ہیں تاھم میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ پارٹی کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کی خبروں سے احتراز کرے ۔  انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی اور حکومت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک میں کسی قسم کا سیاسی انتقام نہیں ہے کیونکہ حکومت ہر سطح پر بلاامتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومتی اراکین پارلیمنٹ بھی عدالتوں کے سامنے پیش ہورہے ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔

صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے ان کی یا ان کی فیملی کی جانب سےالائنمنٹ کی تبدیلی میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ انکوائری رپورٹ میں ان کا یا ان کے کسی ساتھی کا نام نہیں ہے ۔

وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے قومی اہمیت کے حامل راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو کسی سازش کا شکار نہیں ہونے دیں گے اور اس منصوبے کا افتتاح رواں برس ہی ہوگا ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے چوہدری نثار علی خان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ چوہدری نثار علی کا یہ فیصلہ انتخابات کی شفافیت پر ان کا یقین ہے ۔

اس موقع پر چوہدری محمد افضل سمیت دیگر پی ٹی آئی راہنماء بھی تھے ۔