تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز ساتھ ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ؛ وفاقی وزیر اسد عمر

18

سکھر،23مئی(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی  اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی اور اپنے مسائل پر تبادلہ خیال کیا  جبکہ  وہ سارے اس بات پر متفق ہیں کہ اپنی حکومت کے ساتھ ہیں، حکومت بہتر کام کررہی ہے، تنقید کرنے والوں سے ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔

اتوار کو یہاں ائیر پورٹ  پر   میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا   کہ عمران خان کی تو پوری سیاست کا محور یہ ہی ہے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، بالکل اسی طرح وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے ساتھ بھی انصاف ہوبلکہ وزیراعظم تو کہتے ہیں کہ سب کو انصاف ملے چاہے وہ کوئی بڑا آدمی ہو یا کوئی مزدور ہو۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھے ہیں،ہم کہتے ہیں یہاں آجائیں ہم انکی مکمل حفاظت کریں گے ۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ  کورونا وباء کے سلسلے میں جو  اقدامات کئے اس سے بہتری ہوئی ہے،لیکن ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے ،لوگ ویکسینیشن کرائیں کیونکہ  احتیاط لازم ہے،احتیاط کریں اور  ماسک لگائیں۔

اے پی پی /اطہراللہ /قرۃالعین