لاہور،24مئی(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور کے چڑیا گھر کا دورہ کیا اور چڑیا گھر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں دی جانیوالی سہولتوں کا معائنہ بھی کیا۔مختلف امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گنجائش کے مطابق جانوروں کی رہائش و سہولتیں یقینی بنائی جائیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملتان، گوجرانوالہ،فیصل آباد، سیالکوٹ ودیگر شہروں میں نئے چڑیا گھر بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جنگلی حیات اور اُن کی صحت و افزائش میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں،صوبے کے چڑیا گھر اور سفاری پارک عالمی معیار کے مطابق بنانا ہوں گے، جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے بیرون ملک سے خدمات حاصل کریں۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دو ہفتے بعد آئندہ اجلاس منعقد ہوگا، لاہور چڑیا گھر کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے، بچوں کیلئے چڑیا گھر بڑی تفریح ہے،دیگر شہروں میں بھی یہ سہولت ہونی چاہیے۔ چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ آئندہ 5سالہ پلان وضع کیا جائے۔ چڑیا گھر انتظامیہ کو سوشل میڈیا پر آنے والے ایشوز کا بھی جواب دینا چاہیے۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ وسائل کے مطابق جانوروں کے تحفظ و افزائش کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔