پشاور، 26مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسف زئی نے وزیراعلیٰ محمود خان کو سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کر نے کے اعلان پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے بہت بڑا ریلیف دیا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ عام مزدور کی کم سے کم اجرت ساڑے 17 ہزار سے بڑھاکر 21 ہزار کرنا انقلابی قدم ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ پہلے ہی کافی مالی مشکلات سے دوچار ہے اس کے باوجود وزیر اعلی کی طرف سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کرنا انتہائی قابل تعریف اقدام ہے ۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اس سے سرکاری ملازمین کی کارکردگی میں بہتری آئے گی ملازمین کے ساتھ مذاکرات کے لیے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کے ارکان تیمور جھگڑا ،شہرام خان ،اکبر ایوب خان، شوکت یوسف زئی اور کامران بنگش کے علاوہ سیکٹریز مطہر زیب، شہاب علی شاہ اور عاطف خان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سرکاری ملازمین کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل حل کیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیر اعلی محمود خان نے سرکاری ملازمین کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کم سے کم اجرت پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اور بجٹ کے بعد تمام اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہوگا۔