دیر چکدرہ موٹروے سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے لئے نئے مواقع پیدا ہونگے: اسپیکر قومی اسمبلی

26

 اسلام آباد، 26 مئی ( اےپی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کی معاشرتی فلاح و بہبود اور معاشی سرگرمیاں پیدا کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا پراجیکٹس پر عوامی رقم کے بہترین استعمال سے سرکاری خزانے کی کافی حد تک بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مغربی روٹ پر کے پی کے کی صوبائی حکومت کے قدامات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں دیر چکدر موٹروے اور صوابی بائی پاس کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 اسپیکر اسد قیصر نے وفاقی وزیر برائے مواصلات کے ہمراہ دونوں منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ مراد سعید  نے اجلاس کو دیر چکدر موٹروے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے  کہا کہ سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی خزانے کے بہترین استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، فاٹا اور صوبائی انتظامیہ، کے پی کے حکومت کے محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران بھی شریک تھے۔