ملتان، 27مئی(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں ” خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام لانچ کردیا گیا ہے، پروگرام کا افتتاح ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کچہری چوک میں کیا۔
پروگرام کا آغاز ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے چوک کچہری کی پانی کی واشنگ سے کیا گیا، کمپنی یونیفارم میں ملبوس درجنوں ورکرز نے واٹر باوزر کے ذریعے چوک کچہری کو دھو کر چمکا دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “خدمت آپ کی دہلیز پر” وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ایک انقلابی اقدام ہے ، اس پروگرام سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی اور گڈ گورنس کی بنیاد پڑے گی۔
علی شہزاد نے کہا کہ “خدمت آپ کی دہلیز کا پہلا مرحلہ تین ہفتوں پر مشتمل ہے، پہلے ہفتے میں صفائی پر فوکس کیا جائے گا اور شہر سے ویسٹ کے علاوہ ملبہ بھی اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے گا اور دوسرے ہفتے میں سیوریج کے پانی کی نکاسی،مین ہولز کی مرمت اور پبلک ٹائلٹ کی صفائی کی جائے گی جبکہ تیسرے ہفتے میں سرکاری عمارتوں، سکولوں ، ہسپتالوں اور مراکز صحت کی صفائی اور وائٹ واشنگ کی جائے گی۔
ڈی سی نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو ڈیش بورڈ اور ایپ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا اور کارکردگی کے حوالے سے تمام اضلاع کی رینکنگ کی جائے گی، شہری کارکردگی ایپ کے ذریعےشکایات درج کرا سکیں گے۔
ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ایم ڈبلیو ایم سی نے ہفتہ صفائی کا پلان تیار کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کے علاوہ شہر کے رہائشی اور کمرشل مقامات سے کچرا اور ملبہ بھی اٹھا جائے گا۔ایم ڈی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایم ڈبلیو ایم سی کارکردگی کے حوالے سے صوبہ میں پہلے پوزیش حاصل کریں۔ کمپنی ورکرز، سپروائز،سیکٹر ہیڈ،ڈپٹی منیجرز اور منیجرز ٹاپ پرفارمنس کے لئے پر عزم ہیں۔