پشاور انسٹیٹویٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کا شکار بچوں کیلئے آپریشن کی سہولت کا آغاز،دو بچیوں کا علاج صحت انصاف کارڈ کے تحت مفت کر دیا گیا

62

پشاور، 27 مئی (اے پی پی ):خیبرپختونخوا کے واحد امراض قلب ہسپتال پشاور انسٹیٹویٹ آف کارڈیالوجی کی بڑی کامیابی، صوبے میں امراض قلب کا شکار بچوں کے لیے آپریشن کی سہولت کا آغاز کردیا گیا، خیبرپختونخواہ میں امرض قلب کا شکار اب کوئی بھی بچہ علاج سے محروم نہیں رہے گا ۔

ہسپتال ترجمان رفعت انجم کے مطابق پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال میں چار سالہ عائزہ اور پانچ سالہ بریرہ کے دل کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا ہے۔صوبے میں اب تک بچوں میں امراض قلب کے آپریشن کے لیے مختص سہولت موجود نہیں تھی، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی صوبےکا  پہلا مختص پیڈیاٹرک ہسپتال بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار سالہ عائزہ کو دل میں سوراخ جبکہ پانچ سالہ بریرہ کو دل میں سوراخ کے ساتھ ایک وال کی بندش کی تکلیف تھی ، دونوں بچیوں کا علاج صحت انصاف کارڈ کے تحت مفت کیا گیا ہے۔

مریض بچیوں کے والدین  نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے  پی آئی سی ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا  کہ  پی آئی سی ہم جیسے والدین اور ان بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ۔