ملتان، 28مئی(اے پی پی):”خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کا دوسرا روز ،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے پروگرام کے دوسرے دن کا آغاز شہر اولیاء کے تاریخی گھنٹہ گھر چوک کی دھلائی سے کیا۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ روزانہ چار یونین کونسلز کی سپیشل صفائی کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے، آج یونین کونسل نمبر 57،42,18,10 میں خصوصی صفائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ رکن عالم کالونی،شاہین آباد،بھٹہ کالونی اور صدیق آباد کی صفائی کا ہدف بھی آج کے پلان میں شامل ہے جبکہ شہر سے ملبہ اٹھانے کے لئے ہیوی مشینری استعمال کی جارہی ہے ،کمپنی کے سپروائزرز کو”خدمت آپ کی دہلیز پر” ایپ کے استعمال کی تربیت دے دی گئی ہے اور شہری “کارکردگی” ایپ پر اپنی شکایات اور تاثرات درج کرا سکتے ہیں۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ 20 لاکھ سے زائد آبادی کے شہر میں روزانہ پیدا ہونے والا تمام کوڑا نہیں اٹھایا جارہا ہےکمپنی کو مشینری اور افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے اور کہا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مشینری کی خریدنے اور ہیومن ریسورس کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے، مشینری اور افرادی قوت میں اضافے کے معاملات متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیے گئے ہیں۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ مطلوبہ مشینری کی خریداری کے بعد تمام ویسٹ روزانہ اٹھایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو صفائی ستھرائی کےحوالے سے واضح تبدیلی نظر آئے گی۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے کہا سرورسز فراہم کرنے والے واسا،کارپوریشن سمیت تمام محکمے ٹیم کی صورت میں” خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے کام کررہے ہیں اور شہر میں صفائی کے ساتھ ساتھ سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر دیہی علاقوں اور دیگر تحصیلوں میں بھی صفائی کاکام کیا جارہا ہے، صوبائی حکومت ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام اضلاع کی کارکردگی کی جانچ کررہی ہے۔
کمپنی منیجرز داود مکی،فہیم خان لودھی، ڈپٹی منیجر عثمان خورشید اور سیکٹر انچارج شہباز حسین بھی اس موقع پر موجود تھے