احمدپورشرقیہ؛ریسکیو1122  کی جانب سے پری مون سون اور ممکنہ سیلاب کے حوالہ سے  فرضی مشقوں کا مظاہرہ

34

احمدپورشرقیہ،28مئی(اےپی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 بہاول پور کی جانب سے پری مون سون اور ممکنہ سیلاب کے حوالہ سے ششماہی کینال ائرپورٹ روڈ پر متعلقہ اداروں کی جانب سے فرضی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

  مشقوں میں سیلاب سے ڈوبتے ہوئے افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر پہنچانے اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا شاندار انداز میں مظاہرہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122کے  ممبران پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں جو نہایت شاندار انداز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرضی مشقوں میں ریسکیو1122اور تمام متعلقہ محکمہ جات نے باہمی رابطہ سے بہتر انداز میں کام کرنے کا مظاہرہ کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122باقر حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرضی آبی مشقوں میں ریسکیو1122نے اپنے وسائل کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے جس میں ریسکیو ٹیمیں، جدید واٹر بوٹس، انفلیٹ ایبل بوٹس، او بی ایم انجمن، لائف جیکٹس، لائف رنگز، سکوبہ سمیت ریسکیووایمرجنسی آلات کے کیمپ لگائے گئے جس میں آلات کی فٹنس کا جائزہ لیا گیا۔

 مشقوں میں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے بھی کیمپ قائم کیے گئے۔