ملتان کی تاریخ کی بڑی آتشزدگی پر 20گھنٹے بعد قابو پالیاگیا، ڈاکٹر کلیم اللہ

25

اسلام آباد۔30مئی  (اے پی پی):ملتان کی تاریخ کی بڑی آتشزدگی پر 20گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیاگیا۔قادرپورراں کے قریب واقع معروف صنعتکارجلال الدین رومی کی کاٹن فیکٹری میں ہفتے کی شب اچانک آگ بھڑک اٹھی ،تیز ہوا کی وجہ سے اس آگ نے پھیلنا شروع کردیا۔ریسکیو 1122کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں ملتان کے علاوہ دیگراضلاع سے بھی گاڑیاں منگوائی گئیں۔آگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں کپاس کی گانٹھیں خاکسترہوگئیں۔ ریسکیو 1122کے انچارج ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ آگ کا پھیلاو روک لیاگیا ہے ،فیکٹری کی مشینری کو بچالیاگیا اور آگ کو دیگر گوداموں اور رہائشی علاقوں تک پھیلنے سے روک دیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ملتان کی تاریخ کی بڑی آتشزدگی تھی جس پر 20گھنٹوں بعد قابو پالیاگیا،  آگ بجھانے میں آرمی ایوی ایشن سے بھی مدد لی گئی، گودام کی دیواریں توڑکر بچ جانے والی گانٹھوں کو منتقل کیاجارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ دریں اثناکمشنر ملتان جاوید اختر خان نے رومی کاٹن فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے تمام فیکٹریز اور حساس عمارات میں فائر الارم سسٹم کی انسپکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور سول ڈیفنس آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد کرائیں۔تمام کمرشل بلڈنگز اور انڈسٹریز سے ایس او پیزکے سرٹیفکیٹس لئے جائیں۔