لاہور، یکم جون(اے پی پی): صوبائی وزیر سید یاور عباس نے کہ ہے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن پر وزیراعظم عمران خان کا ویژن بالکل واضح ہے، سٹیک ہولڈرز مل کر بچوں کے نفسیاتی استحصال کا تدارک کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں چائلڈ پروٹیکشن پر قوانین میں اصلاحات کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں صوبائی وزیر نے بچوں سے بدسلوکی روکنے کیلئے جامع اور موثر قانونی سازی پر زور دیا۔
صوبائی وزیر سید یاور عباس نے کہا کہ بچوں سے بدسلوکی کرنے والے جانوروں کے ہاتھ روکنے ہوں گے، تحفظ حقوق اطفال کیلئے جامع اور ابہام سے پاک قوانین ضروری ہیں، محکمہ جاتی انا ایک طرف رکھ کر سب صرف بچوں کا سوچیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب موجودہ قوانین میں جلد اصلاحات چاہتے ہیں، زیادتی کا شکار بچوں کی کونسلنگ اور بحالی ایک حساس معاملہ ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز مل کر بچوں کے نفسیاتی استحصال کا تدارک کریں، حکومتی اداروں کے ساتھ این جی اوز کا بھی مربوط تعاون درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن کیسز کے لئے الگ عدالت کام کر رہی ہے، پنجاب کو دیگر صوبوں کے اقدامات سے بھی مستفید ہونا چاہیئے۔