وزیر خارجہ کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات،دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال کیا گیا

23

اسلام آباد، 02 جون(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  پاکستان کے دو روزہ دورے پر تشریف لائے ہوئے تاجک صدر امام علی رحمان سے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزیر خارجہ نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ ء تاجکستان کے دوران ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے، ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے کامیاب انعقاد اور بھرپور میزبانی پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت، ان دو طرفہ مراسم کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے اور پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ، تعلیم، ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت بہت سے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں، کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل جنوبی و وسطی ایشیا کے مابین توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔

وزیر خارجہ نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان، خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے افغانستان میں دیرپا امن کو ناگزیر سمجھتا ہے ،افغانستان میں قیام امن کیلئے تاجکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

تاجک صدر نے پرتپاک خیر مقدم اور عمدہ میزبانی پر وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔