پشاور: آئی جی پی خیبر پختونخوا کا  فلائٹس آپریشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پولیس واچ ٹاور کا افتتاح

32

پشاور،3 جون(اے پی پی):  انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے   جمعرات کو یہاں پھلوانان پُل تہکال پشاور میں ہوائی جہازوں کی فلائٹس آپریشن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تعمیر کئے گئے پولیس واچ ٹاور کا افتتاح کیا۔

آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے فیتہ کاٹ کر واچ ٹاور کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی سی یو اشفاق انور نے نقشوں اور چارٹوں کے ذریعے آئی جی پی کونئے تعمیر شدہ واچ ٹاور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

تین کینال اراضی پر مشتمل اس واچ ٹاور میں جوانوں کی رہائش سمیت ہر قسم کی جدید سہولیات میسر ہیں۔ ٹاور کو نائٹ ویژن کیمروں، جدید وائرلس سسٹم سے لیس کرادیا گیا ہے۔ واچ ٹاوروں کی تعمیر سے ہوائی جہازوں کو درپیش لاحق خطرات اورکسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات رونماہونے کے امکانات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے گا  اور جوانوں کی استعداد کار میں اضافہ ہو کر پر امن اور سازگار ماحول کے قیام میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔

آئی جی پی واچ ٹا ور کے مختلف حصوں میں گئے اور وہاں پر پولیس جوانوں کو فراہم کئے جانے والے جدید اسلحہ وساز وسامان کا معائنہ کیا۔آئی جی پی واچ ٹاور کے بالائی حصے پر بھی گئے اور وہاں سے جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ائیر پورٹ سے متصل علاقے کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا اور پولیس حکام کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کئے۔

واضح رہے کہ پشاور ائیر پورٹ کی بین الاقوامی فلائٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے متصل علاقے (Funnel Area) میں 172.519 ملین کی لاگت سے 8واچ ٹاورز کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا  جو کہ آج تہکال واچ ٹاور کے بدست آئی جی پی افتتاح سے مکمل ہو گیا۔

اس موقع پر کیپیٹل سٹی پولیس افیسر پشاور عباس احسن اور ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی بھی آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔