ملتان، 8جون(اے پی پی):ضلع ملتان میں آج انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز شروع ہوچکا ہے، پولیو کے خلاف مہم کے پہلے دن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت کیمپ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کو پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو کے خلاف مہم کے پہلے روز2لاکھ 32 ہزار724 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے ہیں جبکہ پہلے دن 2 لاکھ52ہزار 961 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے دن ٹارگٹ کا92 فیصد حاصل کیا گیا ہے، پولیو مہم کے پہلے دن ویکسین کے قطرے پینے سے انکاری کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے، پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی ہمارا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران جو بچے گھروں میں موجود نہ ہوں،ان کا فالواپ جاری رکھا جائے، پاکستان پولیو وائرس سے نجات پانے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی سمیت ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر ہادی حسن اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر عابد حسین بھی شامل ہوئے۔