تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس پر سالانہ 130 ارب روپے سے زیادہ بجٹ خرچ کیاجاتاہے :شہرام ترکئی

24

پشاور8 جون(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ اب کے بعد گریڈ۔12 سے گریڈ۔18 تک تدریسی کیڈر کے تمام تبادلے ای۔ٹرانسفر پالیسی کے تحت ہوں گے، سال میں تبادلے صرف ایک بار تعلیمی سال کے آغاز اور خالی آسامیوں پر ہوں گے، طلباء و اساتذہ کے قیمتی وقت کو بچانے کیلئے مشتہر شدہ خالی آسامیوں پرتبادلوں کیلئے اساتذہ آن لائن ایپلائی کریں گے۔ ان کو دفاترکو چکرلگانے کی کوئی ضرورت نہیں تمام تر توجہ صرف درس وتدریس پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ تمام اساتذہ اورخصوصاّ فیمیل اساتذہ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کیاگیاہے جو حقدار ہوگا اس کو مقرر کردہ انڈی کیٹرز کے مطابق مارکس دیے جائیں گے اور خالص میرٹ پرتبادلے ہوں گے جس سے اساتذہ کو بہت سہولت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔

شہرام خان ترکئی نے مزیدکہاکہ گرمی بڑھنے کی وجہ سے گرم علاقوں میں پرائمری سکولوں کیلئے دورانیہ صبح 7 بجے سے 11 اور مڈل سے ہائرسیکنڈری سکولوں کیلئے 7 بجے سے ساڑھے11 بجے کردیاگیاہے تاکہ بچے گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ گریڈ 9 سے گریڈ12 تک کے طلباء کو صرف اختیاری مضامین میں امتحانات کی تیاری کیلئے کورس پڑھائے جاتے ہیں۔

شہرام خان ترکئی نے کہاکہ گریڈ۔10 اورگریڈ۔12 کے امتحانات 10 جولائی سے شروع ہوں گے اور اس کی تکمیل کے بعد گریڈ۔9 اورگریڈ11 کے امتحانات شروع ہوں گے۔