ملتان؛ آر پی او سید خرم علی نے بوریوالا میں کھلی کچہری لگائی، عوام کے مسائل حل  کرنے  کیلئے  موقع پر احکامات جاری کئے

40

ملتان، 08 جون (اے پی پی): آر پی او سید خرم علی نے بوریوالا میں کھلی کچہری لگائی اور عوام کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی حکومت کا مشن ہے۔آر پی او نے ایس ڈی پی او آفس میں سنگین مقدمات کے مدعیان سے ملاقات کی اور ان سے تفتیش میں پیشرفت بارے دریافت کیا۔ انہوں نے تفتیشی افسران کو سنگین مقدمات کی تفتیش میرٹ پر انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ْ

آر پی او نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے انجمن تاجران اور وکلاء کے وفود سے ملاقاتیں کیں، تاجروں اور وکلاء کے مسائل سن کر ان مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے میں کمیونٹی پولیسنگ نہایت اہم ہے، عوام اور پولیس کا تعاون جرائم پیشہ کی شکست ہے۔

ڈی پی او امیر عبداللہ نیازی،ایس ڈی پی او بوریوالا بھی اس دوران موجود تھے۔