پشاور، 10جون(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیر زکوۃ وعشر انورزیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں ایک لازوال دوستی کے ذریعے منسلک ہیں۔ دنیا بھر میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سب سے اچھے دوست کہلاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زکوۃ وعشر نے پاکستان چین دوستی کے 70سال مکمل ہونے پر منعقدہ آئن لائن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوۓ کیا جس کا انعقاد چائنہ سٹڈی سنٹر یونیورسٹی آف پشاور نے کیا تھا
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انورزیب خان نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر بہت خوشی اور فخر ہے کہ چین ایک عالمی اور معاشی طاقت بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اورپاکستان ایک دوسرے کی معاشی ترقی کے خواہاں ہیں جس کے لیے دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں پر مل کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان دوسرے کئی ملکوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں Belt and Road Initiative (BRI) اور سی پیک پراجیکٹ اس سلسلے کی ایک مضبوط کڑی ہے جو اس خطے کی معاشی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے۔
انور زیب خان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان مل کر سی پیک پراجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ اس منصوبے سے خیبر پختونخوا اور خاص کرنئے ضم شدہ قبائلی اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے جبکہ سی پیک سے جڑے رشکئی اکنامک زون اور مھمند ماربل سٹی کے قیام سے لاکھوں بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے طول و عرض میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بے شمار منصوبوں میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے
پاکستان کے عوام اور حکومت چین کو ایک بہترین دوست سمجھتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ دوستی مزید مستحکم ا مضبوط ہوگی
یہ رشتہ پے در پے کامیابیوں کے بل بوتے پر استوار ہوا تھا اور ہر گزرتے دن اور سال کے ساتھ مضبوط ہوتا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت آتی ہے وہ چین سے اپنی مثالی دوستی کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرتی ہے کیونکہ
دونوں ممالک کی قیادت اس رشتے کو آگے لے جانے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہی ہیں۔
کانفرنس میں پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس ،ڈائریکٹر چائنہ سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرذاہد انور، کلچرل کونسلر سفارت خانہ اسلام آباد ژانگ میکنگ، ڈائریکٹر سی ایس اےایس فوڈان یونیورسٹی چائنہ بروفیسر ڈاکٹر ژانگ جیڈانگ، اگریکلچر یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب و دیگر نے شرکت کی۔











