چاغی،11 جون (اے پی پی): بلوچستان کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر فقیر محمد کاکڑ نے انھیں ان منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی۔ جمعے کو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے دالبندین میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹریٹ، سرکاری افسران و ملازمین کے رہائشی کالونی، اسپورٹس کمپلیکس، ڈپٹی کمشنر ہاؤس اور دالبندین و گرد و نواح کے مختلف علاقوں کو بجلی فراہمی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاغی کے ہر علاقے کو اپنا گھر اور ہر فرد کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں عوام کو تعلیم، صحت، پانی، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات ایک کرکے کام کررہا ہوں جس کا ثمر ترقی یافتہ اور خوشحال چاغی کی صورت میں نظر آئے گا۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ ضلع چاغی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوگوں کی معیار زندگی بلند اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دالبندین میں ایکڑ پر مشتمل ڈسٹرکٹ ڈائریکٹریٹ بشمول ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے لیے پہلے مرحلے میں 250 ملین روپے جبکہ 54 ایکڑ پر مشتمل سرکاری افسران و ملازمین کے رہائشی کالونی کے لیے 125 ملین روپے اور بجلی کے کھمبے تار اور ٹرانسفارمرز فراہمی کے منصوبے کی لاگت 14 کروڑ روپے ہوگی۔
صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیرزمان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چاغی انور بادینی، اسسٹنٹ کمشنر دالبندین جاوید ڈومکی، قبائلی و سیاسی رہنماؤں سرادر نجیب سنجرانی، میر قادربخش محمدحسنی، ملک خدابخش سیاپاد، ملک نور بخش بڑیچ، میر محمد حنیف نوتیزئی ودیگر ہمراہ تھے۔











