جلالپورپیروالا، 14 جون (اے پی پی ): پنجاب بھر کی طرح جلالپورپیروالا میں بھی “خدمت آپ کی دہلیز پر”” پروگرام تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ پروگرام کے تحت شہر سمیت تحصیل بھر کے دیہاتوں کے چوکوں چوراہوں، گرین بیلٹس سمیت سرکاری دفاتر میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز نے میونسپل عملے کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کا مقصد تحصیل بھرکی عوام کو صفائی ستھرائی سیوریج، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور دیگر میونسپل سروسز فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکے ۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر سمیت تحصیل بھر کے قصبوں سمیت دیہاتوں کے چوراہوں چوکوں کی دیواروں کی بحالی اور رنگ وروغن کے علاوہ شہروں کی گرین بیلٹس اور شاہراہوں پر غیرقانونی ہولڈنگ بورڈ کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خدمت ایپ پر نشاندہی کیے گئے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری خدمت آپ کی دہلیز پر کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی ایپ پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے خدمت ایپ پر جو شکایات موصول ہورہی ہیں انکو فوری طور پر حل کیا جارہا ۔
اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز نے کہاکہ صحافی برادری اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں، اگر کہیں صفائی پر کام نہیں ہورہا تو اس کی فوری نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اس مہم میں ہمارا ساتھ دے، صفائی کا دائرہ کار پوری تحصیل تک بڑھادیا گیا ہے ۔