لاہور، 15 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت و صدر نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب کے اجلاس کا انعقادہوا۔ صوبائی وزیر زراعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل پبلک اور حکومتی سطح پر معاونت کے سلسلے میں نمبر دار کے موثر کردار کی اہمیت کو محسوس کیا گیا ہے لہٰذا اس کو ادارہ جاتی شکل میں ڈھالہ جارہا ہے، وراثت اور زمینوں کی تقسیم کے نظام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے نمبرداروں کو متحرک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام نمبرداروں کوساڑھے 12ایکڑ فی کے حساب سے زمین الاٹ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔دیہاتوں کے دوردراز علاقوں میں کورونا ویکسن لگوانے، پولیو کے قطرے پلوانے اور محرم الحرام کے ایام میں امن و عامہ کے قیام کے ضمن میں نمبرداروں کی خدمات مستعار لی جاسکتی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ آبپاشی پنجاب کے ڈیجیٹل آبیانہ وصولی اور گردواری کے سسٹم کو موثر انداز سے چلانے کے لئے نمبرداروں کا رول بہت اہمیت کا حامل ہے۔مزید براں زرعی ٹیکس کی وصولی کا کام بھی نمبرداروں کے ذمے ہونا چاہیے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ نمبرداروں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک 12بور کے اعزازی اسلحہ لائنسس کی فیس معافی کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ نمبرداروں کی تقرری کے ضمن میں وراثت کے 50نمبر اور باقی کوالیفکیشن کے 50نمبر مقرر کرنے کی شرائط رکھی جائیں
اجلاس میں صوبائی وزیر ثقافت و کالونیز خیال احمد کاسترو، رکن پنجاب اسمبلی عادل پرویز گجر اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ نے شرکت کی۔











