سکھر،20جون(اے پی پی):ایس ایس پی خیرپور ظفر اقبال ملک کی سربراہی میں امن امان کی صورتحال سے متعلق ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ایس ایچ اوز کی کارگردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کے احکامات دیئے گئے ۔
ایس ایس پی ظفر اقبال ملک نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد، سماجی برائیاں، سماج دشمن عناصر کے خاتمے کی پالیسی میں کسی قسم کی کوتاہی وغفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ کو مزید موثر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے میسر حکمت عملی کے ساتھ کام کریں، نیشنل ایکشن پلان پہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ واریوں کا احساس کریں،تمام ایس ایچ اوز امن و امان قائم رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی سے جرائم پیشہ عناصر اور انکے سہولت کاروں کو قانوں کی گرفت میں لانے کا سلسلہ مزید تیز کریں۔ پولیس افسران کی طرف سے جرائم پیشہ افراد سے کسی بھی قسم کی رعایت برداشت نہیں کی جائیگی، بہتریں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔
اجلاس میں ضلع کے تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی ۔