موجودہ حکومت نے بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے میں 800 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ؛وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر

18

اسلام آباد،21جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے میں 800 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے 4ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے، گردشی قرضے کے بڑھنے کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 200 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو امریکی ناظم الامور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حماد اظہر نے کہا موجودہ حکومت نے بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے میں 800 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جس سے 4ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے حکومتی پالیسیوں کی بدولت گردشی قرضے کے بڑھنے کی شرح میں میں گزشتہ سال کی نسبت 200 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

 وزیر توانائی نے کہا کہ رواں سال بجلی کی کھپت میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہےصنعتی شعبے کی طلب میں 12 سے 13 فیصد سے زائد کااضافہ ہواہے، بجلی کی کھپت میں اضافہ نہ صرف معاشی شعبے بلکہ توانائی سیکٹر کے لئے مفید ہے کیونکہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے،  وزیر توانائی نے امریکی ناظم الامور کو بتایا کہ حکومتی دانشمندانہ پالیسیوں اور بروقت اقدامات سے سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 200 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے، سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے کی شرح کو روکنے کے بعد اسکا مکمل خاتمہ آسان ہوگا۔

وزیر توانائی نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم و ترسیل کے شعبے  کی بہتری کے لئے آئندہ سال 117 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے،وزیر توانائی نے امریکی کمپنیوں کودعوت دی کہ وہ پاکستان میں توانائی مارکیٹ میں موجود مواقع سے استفادہ حاصل کریں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں انتہائی اچھے تعلقات ہیں جن میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت مزید بہتری آئے گی۔

  پاور ڈویژن اور یو ایس ایڈ کی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ اس شراکت داری کی بدولت بجلی کی پیداوار کے کثیر مدتی پروگرام کی صورت میں ایک اورسنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔انہوں  نے بتایاکہ 2030 تک متبادل ذرائع سے 30 فیصد بجلی پیدا کی جائے گی جس سے کلین اور گرین پاکستان کے اقدامات کو تقویت ملے گی، متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار سے مقامی وسائل سے استفادہ کرنے میں مددملے گی اور سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری پر اچھا شرح منافع ملے گا ۔

اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے کلین اور گرین ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو ترجیح دینے پر حکومتی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔چارج ڈی افئیرز نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ  سرکلر ڈیٹ کی شرح کو کنٹرول  کرنے کے لئے حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کو مثبت اشارے مل رہے ہیں۔

سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ امریکی اکنامک کونسلر اور دیگر اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔