زراعت کی ترقی کے لئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کریں گے؛ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

15

لاہور، 23جون(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کریں گے، زرعی شعبے کی خوشحالی سے صوبے کی معیشت مضبوط ہو گی، بیج کے اعلی معیار کیلئے ریسرچ پر توجہ دی جائے گی، فوڈ سیکورٹی کے لئے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر اعلیٰ نے بدھ کو یہاں  اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت  کرتے  ہوئے کیا ۔  اجلاس میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے پالیسی کا جائزہ لیا گیا ، جس دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اس پالیسی کے ذریعے چین کے سرمایہ کاروں کو کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے اراضی دی جا سکے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں چین کے سرمایہ کاروں کے لئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں بھی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے، سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک گیم چینجرہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، قومی اہمیت کے اس شاندار منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔