لاہور،23 جون (اے پی پی): لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا گھر کے باہر موجود بارودی مواد سے بھری گاڑی میں ہوا ہے، دھماکے کی جگہ پر 4 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ہے، جس میں وہاں سے گزرنے والے پانی کے پائپ بھی پھٹ گئے ہے، سی ٹی ڈی حکام جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریب واقع گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے کچھ راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائی کا آغاز کر دیا اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار نے دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔