اسلام آباد،23جون (اے پی پی):اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (آئی آر ڈی)، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور ڈوزجے یونیورسٹی، ترکی کے درمیان مولانا ایکسچینج پروگرام کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے،مفاہمتی یادداشت کے مطابق دنیا کے دو بڑے تعلیمی اداروں کے درمیان طلبا کے لیے ایکسچینج پروگرام کی منظوری دی گئی ہے۔
اس پروگرام میں بیالوجی، فزکس، سول انجنیئرنگ، مکینکل انجنیئرنگ، کمپیوٹر انجنیئرنگ، پالیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز، سوشیالوجی، تھیالوجی، ایجوکیشن سائنسز اور ڈپارٹمنٹ آف انگلش لینگویج کے طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ فیکلٹی کو بھی ایک دوسرے سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ مفاہمتی یادداشت پر آئی آر ڈی گورننگ کونسل کے چیئرمین اور ریکٹر آئی آئی یو آئی پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور ڈوج یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نگار نے دستخط کیے۔
مولانا فیلوشپ پروگرام کے تحت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا اور اساتذہ کو ترکش جامعات میں ایک سمسٹر سے لے کر دو سمسٹر تک درس وتدریس اور تحقیق کے مواقع ملیں گے،اسی طرح ڈوج یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ بھی اسلامک یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق کی خاطر آ سکیں گے، مفاہمتی یادداشت کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں مولانا ایکسچینج پروگرام کی میزبانی آئی آر ڈی کرے گی۔
اس موقع پر چیئرمین اور ریکٹر آئی آئی یو آئی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے عالمگیریت کے اس دور میں دنیا بھر کے طلبا اور اساتذہ کے درمیان رابطے بڑھانے اور ایک دوسرے سے سیکھنے اور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامک یونیورسٹی بذات خود ایک گلوبل ویلج کی مانند ہے جس میں دنیا کے 45 سے زائد ممالک کے طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ روابط برسوں سے قائم ہیں اور مولانا ایکسچینج پروگرام کی بدولت دونوں ممالک کے طلبہ اور اساتذہ کے درمیان رابطے مزید بڑھیں گے، جس سے دونوں ممالک کے طلبا و طالبات ایک دوسرے کی ثقافت اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں سے بہتر انداز میں واقفیت حاصل کرسکیں گے۔
اس موقع پر آئی آر ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین اور ترکش پروفیسر سبیل بیرام اور ڈائریکٹر اوریک پروفیسر مشتاق احمد بھی موجود تھے۔