بجٹ میں صنعتی، کاروباری، زرعی شعبوں سمیت عام آدمی کے لئے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے،  چیف وہپ ملک عامر ڈوگر

20

اسلام آباد۔23جون  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے وفاقی بجٹ 2021-22ءکو ملک کے تمام طبقات کے لئے یکساں طور پر قابل قبول بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں صنعتی، کاروباری، زرعی شعبوں سمیت عام آدمی کے لئے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے امریکہ کو اڈے فراہم نہ کرنے کی بات اس وقت دنیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پوری دنیا نے وزیراعظم عمران خان کو ماحولیات کا سفیر مقرر کیا ہے کیونکہ وزیراعظم کے اقدامات نے عالمی سطح پر شعور اجاگر کیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ جس طرح بجٹ کا سیشن جاری ہے اور جس طرح بحث آگے بڑھائی جارہی ہے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی زندگی میں میں نے بڑے بڑے بجٹ دیکھے ہیں مگر ایسا بجٹ کبھی نہیں دیکھا، کاروباری افراد، صنعتکاروں، کاشتکاروں اور عام آدمی نے اس بجٹ کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ کہا جاتا تھا کہ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، یہ بجٹ عمران خان اور شوکت ترین کا بجٹ ہے۔ یہ اسی وزیراعظم عمران خان کا بجٹ ہے جس نے کبھی قومی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو فوجی اڈے نہ دینے کی بات کی تو یہ دنیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ ملک کی معیشت آج تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے بجلی کے منصوبوں میں کروڑوں اربوں کی کرپشن کی۔ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 23 ارب روپے اور داسو ، نیلم جہلم منصوبوں کے لئے کثیر رقوم مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کویڈ کی صورتحال کے باوجود بھی بہتری کی طرف گامزن ہے۔ ماحولیاتی تباہ کاریوں کے چیلنج پر قابو پانے کے لئے وزیراعظم نے دس ارب درخت لگانے کا منصوبہ بنایا۔ اس سال بھی اس کے لئے 14 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پوری دنیا نے ان کو ماحولیات کا سفیر مقرر کیا ہے۔ عمران خان کے اقدامات نے عالمی سطح پر شعور اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے تاریخ میں سب سے زیادہ رقم بلوچستان کو دی اور انیں قومی دھارے میں شامل کیا۔ ہماری حکومت کا اگلا ٹارگٹ زراعت کی ترقی کا ہے۔ کرنٹ اکاونٹ خسارہ مثبت ہونا اور چار فیصد گروتھ نیک شگون ہیں۔ بجٹ میں زرعی شعبے کے لئے متعدد مراعات کا اعلان کیا گیا ہے اور رقوم مختص کی گئی ہیں۔ گیارہ لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جس کا آغاز بلوچستان سے ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاشتکاروں کو سستے بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کارکردگی کی بناءپر 2023ءکا الیکشن بھی جیتیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ دس فیصد سے بڑھا کر بیس فیصد کیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ شہروں میں قبرستانوں کی جگہ خریدنے کے لئے اجازت دی جائے۔