سیالکوٹ،27جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کا560ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور ہوچکا ہے، بجٹ کی منظوری پر وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے اتحادیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، وفاق اور صوبے کے بجٹ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے جارہے ہیں، پلوں،میٹرو ٹرین اور کمیشن والےمنصوبوں پر فخر محسوس کرنے والی اپوزیشن اپنے دور میں سوشل سیکٹر کے حامی نہیں رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران قوم کو جاہل اور ان پڑھ رکھنا چاہتے ہیں، ہمارے بجٹ میں ہر ضلع کے ترقیاتی پیکج میں ایک یونیورسٹی رکھی گئی ہے، صحت سہولت سے محروم عوام کیلئے ایک کھرب روپے کا بجٹ دیا گیا ہے، صحت کیلئے بجٹ ایلوکیشن کرکے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اب ہسپتال کے باہرکوئی غریب ایڑیاں رگڑتے حسرت سے نہیں مرے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے یونیورسل ہیلتھ پروگرام پر کٹ موشن موو کیااوروزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام کٹ موشن کو مسترد کرتے ہوئے عوام دوست،کاشتکار اور مزدور دوست بجٹ بھاری اکثریت سے منظور کروایا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنوبی وسیب کے بسنے والے شہریوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے 184ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج دیا ہے، 34فیصد ترقیاتی بجٹ سے جنوبی وسیب کے زخموں کی مرہم پٹی کی گئی ہے اور ایلوکیشن کی پائی پائی خرچ کی جائے گی، ستمبر کے مہینے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے زمین پر ہونگے جس کی نگرانی وزیر اعلیٰ پنجاب خود کرینگے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ تبدیلی ہے جو عوام کی حالت بدل دے گی، دیہی آبادی کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، صنعتی پہیہ چلانے کیلئے انڈسٹریل زون کی بنیاد رکھی گئی ہے، سی ایم پورٹل کے ذریعے نوکریاں اور بینکوں کے ذریعے کاروباری قرضے دئیے جارہے ہیں، ان اقدامات سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ 65فیصد نوجوان آبادی کو نشے کی لعنت سے دور رکھنے کیلئے صحت مند سرگرمیوں کیلئے ہر ضلع میں ایک سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا، وویمن سپورٹس کے فروغ کیلئے ہر حلقہ میں ایک خصوصی سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہوگا، خواتین بھی یوتھ کا حصہ ہیں، ہر یونیورسٹی میں سپورٹس اور کلچرل کے فروغ کولازمی بنارہے ہیں۔ایس ایم ای کے ذریعے نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل ہونے جارہی ہے، وفاق اور صوبے کے بجٹ میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے جارہے ہیں۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران ابسلوٹیلی ناٹ کہہ کرکے اپنے سابق وزیر اعظم کا بھی بدلہ لے لیا ہے جس کے کپڑے اتار کر تلاشی لی گئی، وزیراعظم عمران خان نے دلیرانہ موقف اختیار کرکے ہرپاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ایک ٹیلی فون پرہتھیارر ڈال دینے والے شیر نہیں تھے بلکہ ان لوگوں نے شیر کی کھال پہنی ہوئی تھی، امریکہ کو وہی جواب دے سکتا ہے جس کا جینا مرنا پاکستان کی عوام کے ساتھ ہو، جس کے اندر ایمان ہوتا ہے اللہ اس کی حفاظت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اصل شیر ہے جو دنیا میں گرجے گا بھی اور پاکستانی عوام کا مقدمہ بھی لڑے گا۔
بعدازاں انہوں نے تھانہ صدر میں تشدد کے دوران ایک شخص کی جان لیےجانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا روائتی رویہ افسوس ناک ہے ، الیکشن کی آڑ میں یہ پابندی ہے کہ کوئی آفیسر تبدیل نہیں ہوگا، پولیس کے رویے ان کے عمل سے ظاہر ہوتے ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری سب سے زیادہ پولیس کی ہے، پولیس میں چھپی کالی بھیڑوں پر ہماری گہری نظر ہے ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔