بیسو ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ کا افتتاح ہو گیا ،پہلے روز سات میچوں کا فیصلہ ہوا

26

اسلام آباد،27جون  (اے پی پی): بیسو ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ  کے افتتاحی روز سات میچوں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ چیمپئن شپ کا افتتاح چیئرمین، پی ٹی آئی قائمہ کمیٹی (احتساب اینڈ ڈسپلن) سلمان آفتاب  نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، نائب صدر ثمین ملک، سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا اور اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر جبران الزمان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

حمیدی ہال میں کھیلے گئے مردوں کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے گلگت بلتستان کو 16 کے مقابلے میں 40 گول سے، پاکستان آرمی نے آزاد جموں و کشمیر کو 3 کے مقابلے میں 39 گول سے اور پاکستان ائیرفورس نے پنجاب کو 22 کے مقابلے میں 32 گول سے ہرادیا۔ خواتین کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے گلگت بلتستان کو  2 کے مقابلے میں 33 گول سے، سندھ نے اسلام آباد کو 9 کے مقابلے میں 29 گول سے، پاکستان آرمی نے خیبر پختونخوا کو 4 کے مقابلے میں 35 گول سے اور پنجاب نے ایلیٹ کو 17 کے مقابلے میں 27 گول سے شکست دی۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 14 ٹیموں کی بھرپور شرکت کی تصدیق کررکھی ہے جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا،  پاکستان پولیس، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ،  خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب ، ایس اے گارڈن، ایلیٹ اور اسلام آباد شامل ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل 29 جون کو کھیلے جائیں گےجبکہ مرد اور خواتین دونوں کے فائنل 30 جون کو ہوں گے۔ فائنل میچوں کے  اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے، پاکستان واپڈا چیمپین شپ میں اپنے دونوں ٹائٹل مینز اینڈ ویمن کا دفاع کرے گا۔