سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جہازوں کی دیکھ بھال اور مرمت، ورکشاپ کے قیام کیلئے سیال اور بین الاقوامی کمپنی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے

84

سیالکوٹ، 27جون(اے پی پی): سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جہازوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لیے ورکشاپ کے قیام کے لیے  سیال اور بین الاقوامی کمپنی  کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے  ۔ایم آر او کی سہولت فراہم کرنے کے لیے  سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ اور رائل ایئرکرافٹ مینٹینینس کمپنی (رامک) کے مابین مفاہمت کی  یادداشت پر چئیرمین سیال میاں نعیم جاوید اور رامک کے پاکستانی پارٹنر سپریم ٹیکنوکریٹ ایوی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نعمان وسیم نے دستخط کئے۔

  اس موقع پر چیئرمین  میاں نعیم جاوید    نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ائرپورٹ  پاکستان کا واحد پرائیویٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کا اعزاز رکھتا ہے لیکن ایم آر او ورکشاپ کے قیام سے یہ ائرپورٹ بین الاقوامی سطح پر مزید اہمیت اختیار کر جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر سپریم ٹیکنوکریٹ ایوی ایشن  نعمان وسیم  نے کہا کہ وہ تقریباً چار سال سے سیالکوٹ ائرپورٹ پر ایم آر اور ورکشاپ کے قیام کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔ بلاآخر وہ  ایم آر او کے شعبے میں دنیا کی ایک اہم کمپنی  رامک کو سیالکوٹ ائرپورٹ پر ایم آر او ورکشاپ کا منصوبہ شروع کرنے کے لیے قائل کرنے میں کامیاب ہو  گئے ہیں۔اگر یہ کمپنی اپنا یہ منصوبہ شروع کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو یہ سیال کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ  سیالکوٹ ہوائی اڈے پر اسٹیٹ آف دی آرٹ ائیرکرافٹ ایم آر او سیٹ اپ کے قیام کے لئے اقدامات کریں گے، دنیا کے بہترین سند یافتہ ماہرین کے ساتھ یہاں اپنی سروسز کا مرحلہ وار آغاز کریں گے۔