سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری طور پر ٹریڈ لائسنس فیس عائد کرنا نہ انصافی ہے،چیئرمین ڈیویلپمنٹ الائنس حاجی محمد جاوید میمن

64

سکھر،28جون (اے پی پی): سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری طور پر ٹریڈ لائسنس فیس عائد کرنا نہ انصافی ہے جبکہ  میونسپل کارپوریشن ، منتخب نمائندوں ، افسران کی نااہلی کی وجہ سے سندھ کا تیسرا بڑا شہر سکھر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔

پیر کو یہاں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب میں حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاجروں پر جبری طور پر ٹریڈ لائسنس فیس عائد کرنا، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی نے تاجروں اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، شہر کے بڑھتے ہوئے بنیادی مسائل کے حل کیلئے ایس ڈی اے کی جانب سے احتجاجی تحریک کو تیز کرتے ہوئے بروز جمعرات یکم جولائی کو غوثیہ مسجد کپڑا مارکیٹ سے احتجاجی ریلی نیکالی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے اربوں روپے کی خطیر رقم ملنے کے باوجود سندھ کا تیسرا بڑا شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، جگہ جگہ لگے گند، کچرے کے ڈھیر اور اس اٹھنے والے تعفن نے تاجروں اور شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے، شہریوں کو انتہائی مضر صحت بدبودار پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس سے شہری تیزی سے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے تاجروں پر جبری طور پر ٹریڈ لائسنس فیس عائد کر کے تنگ و پریشان کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے۔

ان کا کہناتھا ہم نے سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے پلیٹ فارم سے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے مثبت اور تعمیری انداز سے جدوجہد کی اور آج اپنی جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے بروز جمعرات یکم جولائی کو غوثیہ مسجد کپڑا مارکیٹ سے بڑھتے ہوئے شہری مسائل کے خلاف احتجاجی ریلی نیکالی جائے گی تاکہ شہر سے منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور افسران کو جھنجھوڑ کر شہری مسائل حل کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔