اسلام آباد،28جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نےوادی ناران کو بین الاقوامی معیار کا سیاحتی مقام بنانے کیلئے سیاحوں کی سہولت اور ماحولیات و جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اقدامات کا افتتاح کر دیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پیر کو وادی ناران کا دورہ کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، معاونِ خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، سینیٹرز اعظم خان سواتی اور دوست محمد مشہود نے وزیراعظم کااستقبال کیا۔ وزیرِ اعظم نے “ریور بنک پروٹیشکشن اینڈ ہیبیٹیٹ ریسٹوریشن پروگرام” کا افتتاح کیا۔ جس کے تحت رواں سال شجرکاری مہم میں وزیرِ اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت بڑی تعداد میں دیودار اور پائن کے پودوں کے ساتھ ساتھ بڑے درخت بھی لگائے گئے، پروگرام دریائی کناروں کو کٹاؤ سے بچانے، ڈیموں میں سلٹ کو بھرنے سے روکنے، ناران کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے اور ماحول کو درست کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کمیونٹی ریور رینجرز میں موٹر سائیکل تقسیم کیے، کمیونٹی ریور رینجرز دریائے کنہار اور اس کی جھیلوں و نالوں کی نگرانی کرتے ہوئے غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام کو یقینی بنائیں گے، مزید دریائے کنہار، سیف الملوک اور دودی پطسار جھیل میں ٹراؤٹ و دیگر اقسام کی مچھلیوں کی تعداد بڑھانے کیلئے ہر قسم کی ماہی گیری پر دو سال کی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے، اسی کے دوسرے مرحلے میں ناران ڈیسٹینیشن ٹراؤٹ ٹرافی فشنگ کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت “کیچ اینڈ ریلیز” کی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے ٹراؤٹ و دیگر جنگلی حیات کے شکار کو متعین شدہ حد سے تجاوز نہیں کرنےدیا جائے گا، ا س کے علاوہ دریائے کنہار میں 30 ہزار بھوری ٹراؤٹ مچھلی بھی چھوڑی جار ہی ہے جو اس کی آبادی میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ وزیرِ اعظم نے سیاحوں کیلئے ایمرجنسی ریپانس سروس کا آغاز بھی کر دیا جو سیاحوں کو ہنگامی حالات میں مدد فراہم کرے گی۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر سیاحتی مقامات کی صفائی قائم رکھنے کیلئے مشینری بھی انتظامیہ کے حوالے کی جو ناران کی قدرتی خوبصورتی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ مزید پلاسٹک بیگز کے سیاحتی مقامات پر استعمال کی حوصلہ شکنی کیلئے وزیرِ اعظم نے مقامی لوگوں میں روزمرہ خریدرای کیلئے بائیو دیگریڈایبل بیگز بھی تقسیم کیے۔