پائیدار اور مضبوط ریاست کا وجود امن کے بغیر ممکن نہیں، کوئی بھی معاشرہ امن کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا: ڈپٹی کمشنر

24

نارووال،08 جولائی ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نارووال نبیلہ عرفان نے کہا ھے کہ پائیدار اور مضبوط ریاست کا وجود امن کے بغیر ممکن نہیں، کوئی بھی معاشرہ امن کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا، اس حوالے سے علمائے کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، ضلع میں امن و امان کا فروغ ان کی اولین ترجیح ھے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کررہے ہیں، انتظامیہ علمائے کرام کی طرف سے دی جانے والی آراء کو مقدم سمجھے گی، اور ان کی بھرپور سپورٹ کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمدحنیف،اسسٹنٹ کمشنر نارووال حسن نذیر کے علاوہ ضلعی چیئرمین پنجاب بیت المال حاجی امجد خاں کاکڑ، پیر قاضی محمد یعقوب رضوی، مولاناسرور سلہریا، شیخ ثائر علی، ڈاکٹرطارق اپل، علامہ محمد طیب رضوی، انتظار حسین شاہ، علامہ محمد ناصر،حافظ طلعت جماعتی،الیاس بٹ، حافظ عبد المجید،حافظ عبدالستارحنان کے علاوہ دیگر ممبران امن کمیٹی اجلاس میں موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا کہ اگرچہ امن قائم کرنا انتظامیہ ہی کی ذمہ داری ھے، لیکن عوام تک حکومتی میسج کو پہنچانا، اور ان کی راہنمائی کرنا علماء کا ہی اخلاقی اورمذہبی فریضہ ھے، لہذا تمام ممبران امن کے فروغ کے لئے حکومتی سطح پر کی جانے والے اقدامات کو  بااور بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اس حوالے سے پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ اس کا بروقت تدارک کیا جاسکے، ممبر امن کمیٹی پیر قاضی محمد یعقوب رضوی،چیئرمین امجد خاں کاکڑ،ڈاکٹر طارق اپل و دیگر نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں امن کا قیام حکومت کا ہی نہیں بلکہ ہماری بھی بنیادی ترجیح ھے، اوراس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے نارووال ہمارا اپنا ضلع ھے، اور یہ امن کی بستی ھے اور رہے گی، اور امن وامان کے حوالے سےنارووال ضلع کی مثال صوبہ بھر میں دی جاتی ھے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور ان میں کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں،تمام ممبران اپنا مثالی کردار ادا کررہے ہیں، اور کرتے رہے گے۔اجلاس کے اختتام ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی-