بہاولنگر میں کھلی کچہری کا انعقاد، عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے گئے

13

بہاولنگر،09 جولائی ( اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کے ویژ ن کے تحت عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کےلئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی کے احکامات کی روشنی میں  ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدارنے اسسٹنٹ کمشنر احمد سلیم چشتی اور ایس ڈی پی او  فورٹ عباس محمد اقبال کے ہمراہ فورٹ عباس بلدیہ ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر  ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں آئے سائلین اور شہریوں کے مسائل خود سنتا ہوں اور ان کے ازالہ تک متعلقہ افسران سے میرامسلسل رابطہ رہتا ہے، کھلی کچہر ی کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان خلیج کو دور کرنا ہے، میرے دروازے تمام شہریوں کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں ۔

ڈی پی او بہاولنگر نے کہا کہ  کھلی کچہری میں موجود تمام شہریوں کی درخواستوں کا بطور تفصیلی جائزہ لیا اوران کی شکایات سنتے ہوئے کچھ مسائل موقع پر ہی حل کردیئے جب کہ پچیدہ معاملات کے حل کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈی پی او نے احکامات جاری کیے کہ میرٹ پر تفتیش یقینی بنا کر جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات کے حل اور عوام الناس کو بلا رکاوٹ فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں پر ان کی داد رسی کیلئے فوری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔