پارلیمنٹ کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنائے گی؛  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

8

اسلام آباد،9جولائی  (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنائے گی۔ اس بارے میں وزیراعظم عمران خان نے بھی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

 جمعہ کو قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر چترالی کے نکتہ اعتراض پر ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پیر کو قانونی ماہرین کی میٹنگ بلائی گئی ہے جو قانون سازی کے حوالے سے اپنی رائے  دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنائیں گے۔ اس بارے میں وزیراعظم عمران خان نے بھی واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

قبل ازیں عبدالاکبر چترالی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اسلام آباد میں بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی طرز پر انہوں نے بھی ایک بل ایوان میں پیش کیا جو سینٹ سے منظور ہو کر آیا۔ اس پر علی محمد خان نے تجویز دی تھی کہ اگر بل میں اچھی چیزیں ہوں گی تو اسے شامل کرلیں گے۔ وہ بل بھی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بل شیریں مزاری کے بل کے ساتھ نتھی کیا جائے۔

اجلاس  سے خطاب میں  وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے ایوان میں اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور وہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی کل تعداد 7.5 ملین ہے۔ ہماری  برآمدات  24 ارب ڈالر سے زائد ہیں اور رواں سال ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیشنل پروازوں کو 20 فیصد پر کردیا گیا ہے۔ ہماری درخواست پر این سی او سی نے یورپ ، یو کے، چین، ملائیشیا اور کینیڈا کے لئے فلائٹ آپریشنز کو 40 فیصد کردیا ہے،  اس کو 60 سے 70 فیصد تک بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ بیرون ملک پاکستانی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔ ہم نے این سی او سی سے اس حوالے سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈل ایسٹ کے پاکستانیوں کے لئے 7 جولائی سے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اس وقت تک پی آئی اے کی 290 پروازوں سے 54116 پاکستانیوں کو وطن پہنچایا ہے، یورپ اور یو کے میں ہماری پروازوں پر پابندیاں ہیں اس طرح لندن ، مانچسٹر اور پیرس سے خصوصی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے وطن پہنچایا جائے گا۔ دیگر پاکستانیوں کو بھی وطن واپس لانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

قومی اسمبلی کو بتایا گیا  کہ ملک کے شہری اور دیہی علاقوں میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، دیہی علاقوں کی 12 تحصیلوں میں بھی پروگرام کا افتتاح کردیا گیا ہے، پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ملک بھر میں 4 سے 6 ماہ میں 30 لاکھ گھروں کی تعمیر شروع ہو جائے گی اور حکومت کی طرف سے اس پر 3 لاکھ روپے تک سبسڈی بھی دی جائے گی۔

قومی اسمبلی میں قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پٹرولیم ایکٹ 1934ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل پٹرولیم (ترمیمی) بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کیا جبکہ  پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع انور تاج نے دفاع پاکستان کے علاقائی سمندر اور میری ٹائم زونز سے متعلق قانون یکجا کرنے اور ترمیم کرنے کا بل پاکستان میری ٹائم زونز بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کیا جو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔

بعدازاں  قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے اراکین کے واک آئوٹ کے بعد شیخ فیاض الدین نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی، گنتی کرنے پر کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس پیر کی شام ساڑھے 4 بجے تک ملتوی کردیا۔