ملتان، 9جولائی(اے پی پی): ضلع ملتان سمیت پنجاب کے10اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز2 اگست سے ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ورکرز کی ٹریننگ کرانے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ تربیت یافتہ ورکرز پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کی ٹریننگ کا خود جائزہ لوں گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہر پولیو ٹیم میں ایک مقامی ورکر اور ایک خاتون ورکر کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو وائرس کے خاتمہ کے قریب پہنچ چکا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ پولیو کے خلاف مہم کے معیار کو ہر لحاظ سے بہتر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم بارے بریفنگ کے دوران پوسٹ موبلائزیشن،مارکیٹ سروے اور نیپ انڈیکٹرز بارے بھی دریافت کیا۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈی ایچ اووز ڈاکٹر علی مہدی،ڈاکٹر فاروق شریک ہوئے اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر عابد حسین اورمحکمہ تعلیم اور پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے۔