اسلام آباد ، 14 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ لاء فیئر منفی علامت کے طور پر استعمال کیا جارہاہے، وہ طاقتور ممالک جو براہ راست فوجی طاقت کا استعمال نہیں چاہتے، لاء فیئر کے ذریعے حریف ملک کو دباتے ہیں، ایف اے ٹی ایف میں لاء فیئر ہمارے خلاف استعمال ہوتا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک سٹڈیز، سینٹر فار لاءاینڈ سیکورٹی کے زیر اہتمام لا فیئر اینڈ پاکستان کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے لا فیئر کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی جنگوں کی تباہ کاریوں کے بعد دنیا میں یہ احساس پیداہوا کہ مسائل کو تصادم کی بجائے عالمی قانون کے تحت حل کیا جائے۔ اسی حوالے سے لافیئر کا تصور سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں عالمی لافیئر کا کوئی منفی استعمال نہیں تھا لیکن بعد ازاں کسی حریف ملک کو طاقت کااستعمال کئے بغیر دبائو میں لانے کے لئے لا فیئر کا استعمال کیا جانے لگا۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد لافیئر کا جدید استعمال سامنے آیا، خود پاکستان کے خلاف فیٹف کی صورت میں اسی لافیئر کو بروئے کار لایا گیا۔











